نئی دہلی24مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی ملک بھر میں اپنے کارکنوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے چار سال پورے ہونے کے موقع پر ملک بھر میں جشن منانے جا رہی ہے ۔ پارٹی نے 26 مئی سے 11 جون تک رابطہ عام کے نو نکاتی مہم چلانے کے لئے پارٹی کو ہدایت دی ہے ۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے تمام صوبائی صدور ، صوبائی تنظیم کے جنرل سکریٹریوں ، صوبائی انچارج اور ممبران پارلیمنٹ کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ ہر اسمبلی حلقہ میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کے منصوبوں سے فائدہ اٹھانے والوں کی کانفرنس منعقد کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک بھر کی 15 مرکزی منصوبوں کے فائدہ اٹھانے والوں سے وزیر اعظم مسٹر مودی آڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات کریں گے تاہم انہوں نے اس کی تاریخ اور وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ تمام ضلع کواٹر میں صحافی سے مذاکرات کرکے چار سال کی کامیابیوں کا اشتراک کرنے ، ضلع سطح پر دانشوروں، ادیبوں، فنکاروں کی کانفرنس، تمام درج فہرست ذات و قبائل کے لوگوں کی بستیوں میں ایک دن کی خاص رابطہ مہم چلانے ، درج فہرست ذات و قبائل علاقوں میں ایک گاؤں کا اجتماع کرنے ، صفائی مہم چلاکر عظیم شخصیات کے مجسموں کی صفائی وغیرہ کی خصوصی مہم چلانے کو کہا گیا ہے ۔