بی جے پی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر کے تمام وعدے فراموش کر دیئے ‘ ‘ ریالی سے خطاب
کولکتہ ۔ 21 ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلی مغربی بنگال ممتابنرجی آج ملک میں بڑھتی ہوئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوںکے خلاف مرکز کی نریندر مودی حکومت کے خلاف تحریک چلانے پر زور دیا اور ادعا کیا کہ ایسی ریاستیں جہاں ترنمول کانگریس برسراقتدار ہے وہاں بی جے پی اہم سیاسی جماعت کے طور پر اُبھر کر نہیں آئے گی ۔ ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ مودی حکومت ‘ اقتدار سنبھالنے کے اندرون ایک ماہ پٹرول ‘ ڈیزل ‘ ریل کرایوں اور مالی برداری کرایوں میں اضافہ کر دیا ۔ ما قبل انتخابات بی جے پی کے بڑے بڑے دعوے کئے تھے لیکن اقتدار ملتے ہی بی جے پی کا رویہ اپنے وعدوں کے بالکل برعکس ہے ۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست پارٹی کے لئے مغربی بنگال میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ریاست میں صرف دو نشستوں پر کامیابی ملنے کے بعد بی جے پی ہوا میں اڑ رہی ہے ۔ اوراناپ شناپ اور جھوٹے بیانات دے رہی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ مودی حکومت کے خلاف جمہوری طور پر تحریک شروع کی جائے ۔ آئندہ انتخابات میں مغربی بنگال کی دو نشستیں بھی حاصل نہیں ہوں گی ۔ میں نے واضح کر دیا کہ ان کی حکومت فرقہ وارانہ کشیدگی ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔ حالانکہ ریاست میں بھی کئی مقامات پر فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی گئی لیکن عوام سے وہ ہمیشہ اپیل کرتی رہی ہیں کہ فرقہ پرستوں سے ہوشیار اور چوکس رہنا چاہئے ۔ مذکورہ ریالی میں کانگریس کے تین اور سی پی آئی (ایم) کے ایک ایم ایل ایز نے ممتابنرجی کی موجودگی میں ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ ممتا بنرجی نے تیقن دیا کہ اُن کی حکومت تمام مذاہب اور ذات پات کے لوگوں کے ساتھ مساوی برتاؤ کرے گی اور کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائیگا ۔ ریالی میں مگسیسے ایوارڈ یافتہ مصنفہ مہاشویتا دیوی کے علاوہ متعدد بنگالی فلم اسٹاروں نے بھی شرکت کی ۔