دس کروڑ نئے ارکان کو متحرک کرنے کا منصوبہ ، صدر بی جے پی کا اعلان
نئی دہلی ۔ 13 ۔ اپریل( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج پارٹی قائدین پر زور دیا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی گمراہ کن مہم کا موثر جواب دینے کیلئے 10 کروڑ نئے کارکنوں تک رسائی حاصل کریں اور پارٹی کو وسعت دینے کیلئے ایک مضبوط ہتھیار قائم کریں۔ یکم مئی سے شروع ہونے والی مہا سمپرک ابھیمان (عظیم رابطہ مہم) کے سلسلہ میں پارٹی کے ریاستی کنوینرس کے ورک شاپ سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن کے دعوؤں سے پارٹی کارکنوں کو متحدہ طور پر نمٹا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت کے خلاف اپوزیشن نے ایک زبردست گمراہ کن مہم چھیڑی ہے تاکہ اس کی کارکردگی کے بارے میں جھوٹی باتوں کو پھیلایا جائے اور ہمیں بھی جیسا کو تیسا رابطہ مہم شروع کرتے ہوئے عوام کو حقائق سے واقف کروانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے خلاف جو کچھ بھی جھوٹی باتیں پھیلائی جارہی ہے ملک بھر میں پارٹی کے نئے 10 کروڑ ارکان تک حاصل کر کے حقائق سے آگاہ کیا جائے اور یہ 10 کروڑ نئے ارکان ملک کے 100 کروڑ عوام کا شعور بیدار کریں گے۔ انہوں نے مجوزہ رابطہ مہم کو سمندر میں غوطہ لگاکر سیپی نکالنے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ پارٹی کے مخلص کارکنوں کو چاہئے کہ 10 کروڑ ارکان سے ملاقات کر کے حقائق کروائیں تاکہ بی جے پی ایک مضبوط بنیاد کے ساتھ نئی بلندیوں تک پہنچ سکے۔ بی جے پی سربراہ نے کہا کہ پارٹی کے نئے ارکان کو ورکرس میں تبدیلی کرنے کیلئے یکم مئی سے یہ مہم شروع کی جارہی ہے اور 31 جولائی تک ختم ہوگی جس کے دوران پارٹی قائدین نئے ارکان سے ملاقات کر کے پارٹی ورکرس میں تبدیل ہوجانے کی ترتیب دیں گے ۔ بعد ازاں یکم اگست سے ایک اور مہم شروع کی جائے گی تاکہ پارٹی کے 15 لاکھ منتخب ورکرس کو سیاسی تربیت دی جاسکے ۔