مودی حکومت کی چوتھی سالگرہ پر کانگریس کا احتجاجی پروگرام

نئی دہلی۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی جانب سے گزشتہ چار سال میں مختلف محاذوں پر مودی حکومت کی مبینہ ناکامیوں سے عوام کو واقف کیا جائے گا اور 26 مئی کو دغابازی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ نے آج یہاں یہ بات بتائی۔ گہلوٹ اور کانگریس کے پارٹی ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کی جانب سے مودی حکومت کے چار سال کی تکمیل کے موقع پر ملک کے ہر ضلع میں احتجاجی پروگرامس منظم کئے جائیں گے۔ حکومت کو فاشسٹ اور کریٹ قرار دیتے ہوئے گہلوٹ نے مودی حکومت پر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ ایک عہد کیا ہے کہ اس حکومت کو بیدخل کرے گی۔ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کے 26 مئی کو چار سال کی تکمیل پر کانگریس نے ملک کے ہر ضلع میں احتجاج اور دھرنا پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بی جے پی کو بے نقاب کیا جائے۔