مودی حکومت کی پالیسی سے مزدور طبقہ کو نقصان

محبوب نگر۔ 2 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکز کی نریندر مودی حکومت مزدوروں کے خلاف جو پالیسی اختیار کررہی ہے، وہ سارے ملک کیلئے خطرہ ہے۔ سی پی آئی کے قومی قائد سوراورم وجیہ لکشمی نے سی پی آئی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انوہں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت صرف دولت مند اور بڑے صنعت کاروں میں ہی دلچسپی لیتے ہوئے ان کا سُرخ قالین استقبال کررہی ہے جس سے مزدور طبقہ کو بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد مرکزی حکومت نے کئی ایک سہولتوں کو ختم کردیا۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کے نام پر مندر کی تعمیر کیلئے ہندو تنظیموں کے مطالبہ کو انہوں نے انتہائی تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حال میں صدر امریکہ براک اوباما کے دورہ کے دوران مودی نے جو خفیہ معاہدے کئے ہیں۔ وہ عوام کے سامنے لائے جائیں۔ کے سی آر حکومت پر بھی انہوں نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدے پہلے کئے گئے ہیں، انہیں تکمیل کریں اور پھر نئے وعدے کریں۔ اس موقع پر سی پی آئی کے ضلع سیکریٹری ایرلا نرسمہا، راما کرشنا اور دیگر موجود تھے۔