نئی دہلی10ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) پٹرول اور ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں کی مخالفت میں بھارت بند میں شامل اپوزیشن پارٹیوں نے مودی حکومت کی پالیسیوں کو عوام مخالف بتاتے ہوئے اسے بے حس قرار دیا ہے اور کہا کہ موجودہ حکومت کو اقتدار سے باہر کرنے کے لئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔کانگریس کی قیادت میں پیر کو یہاں رام لیلا میدان میں منعقد احتجاجی مظاہرہ میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، راشٹریہ لوک دل اور لوک تانترک جنتا دل سمیت 16 پارٹیوں نے شرکت کی اور پٹرولیم مصنوعات کی لگاتار پڑھ رہی قیمتوں کے ضمن میں حکومت کی سخت تنقید کی ۔ سبھی پارٹیوں نے مودی حکومت کو بے حس قرار دیا اور کہا کہ چار سال میں ان کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی عوام بے حال ہیں ۔اس پہلے ان سبھی پارٹیوں نے راج گھاٹ جا کر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے ۔ اس دوران کانگریس صدر راہل گاندھی نے مانسرور کا پاک پانی سمادھی پر چڑھایا ،راہل گاندھی 31 اگست سے کیلاس مانسرور کی سفر پر تھے ۔کانگریس نے کہا کہ ملک کے عوام جس مہنگائی کی جس تکلیف سے گذر رہے ہیں اس سے بند میں شامل سبھی پارٹیوں کے رہنما سمجھتے ہیں لیکن تکلیف کی بات یہ ہے کہ ان عوام کے ان مسائل کو وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے لیڈر نہیں سمجھتے ۔ عوام کے مفاد سے جڑے جو سوالات اٹھائے جاتے ہیں وزیر اعظم ان کا جواب نہیں دیتے ،وہ صرف اپنے کچھ پسندیدہ صنعت کاروں کی بات سنتے ہیں اور ملک کی عووام کے مسائل پر کان نہیں دھرتے ۔راہل گاندھی نے کہا کہ مودی صرف لچھے دار گفتگو کرتے ہیں ، سوچھ بھارت کی بات کرتے ہیں اور اس کے نام پر پورے ملک میں بیت الخلاء بنواتے ہیں لیکن لوگوں کو پانی ہی دستیاب نہیں ہے تو ویہ اس کا استعمال کیسے کریں ۔راہل نے مزید کہا کہ ” وہ پتہ نہیں کون سی دنیا میں ہیں، صرف بیان بازی کرتے رہتے ہیں۔۔۔ ملک ان کو دیکھ کر تنگ آگیا ہے ۔سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے کاروباری اور کسان پریشان ہیں ۔نوجوان روزگار تلاش کر رہے ہیں، حکومت صرف عوام مخالف کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں اس نے ساری حدیں پار کر دی ہیں۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے شرد پوار نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں عوام مخالف ہیں اور اس کی وجہ سے ملک کے عوام پریشان ہیں ۔اب وقت آگیا ہے کہ عوامی مفاد میں سوچنے والی سیاسی پارٹیاں متحد ہوکر عوام کو بھروسہ دلائیں کی اس سے حکومت سے انہیں جلد ہی آزادی دلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کو صرف بھارت بند تک ہی محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ اسے حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں سے پورے ملک کی عوام کوآگاہ کرنانا چاہئے ۔سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی استھی کلشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے جس طرح سے مشتہر کیا جا رہا ہے وہ ان کی خدمات کو یاد کرنے کا صحیح طریقہ نہیں ہے ۔ وہ جب بیمار تھے تو ان کی عیادت کے لئے کوئی نہیں جاتا تھا، لیکن آج ان کو خراج عقیدت دینے کے نام پر خوب ہنگامہ کیاجا رہا ہے انہیں اگر حقیقی خراج عقیدت پیش کرناہے تو ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔