نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی اے کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے سی پی آئی ایم نے آج مودی زیرقیادت حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ نو فراخدل پالیسیاں اختیار کررہی ہے جس کے نتیجہ میں ہندوستان کے ٹکڑے ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ ملک کے دو طبقات کے درمیان خلیج میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ حکومت کی میعاد اپنے ’’تری مورتی ایجنڈے‘‘ کو بے نقاب کرتی جارہی ہے جس میں ہندوتوا کی علمبردار تنظیموں کی سرپرستی ، آمرانہ طرز کارکردگی اور نوفراخدل معاشی اصلاحات پر عمل آوری ہے۔ سی پی آئی ایم کے قائد سیتارام یچوری نے کہا کہ یہ حکومت ہمارے عوام کی اکثریت پر عدیم المثال بوجھ عائد کررہی ہے اور ہندوستان کو ٹکڑے کرنا چاہتی ہے۔