مودی حکومت کیلئے جشن کا کوئی موقع نہیں

’’ترقی کی تھم گئی چال، دو سال، دیش کا بُراحال‘‘ کانگریس کا حقیقت پر مبنی کتابچہ

نئی دہلی/ ممبئی۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مودی حکومت کے دو سال کی تکمیل پر منائے جارہے جشن کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور یہ جاننا چاہا کہ آخر ایسے وقت جشن کا ماحول کیوں تیار کیا جارہا ہے جبکہ ملک سنگین زرعی بحران اور دیگر کئی مسائل سے دوچار ہے۔ کانگریس پارٹی نے 59 صفحات پر مشتمل کتابچہ جاری کیا جس کا عنوان ’’ترقی کی تھم گئی چال، دو سال، دیش کا برا حال‘‘ ہے۔ پارٹی نے اس کتابچہ کو حقیقت کا آئینہ تعبیر کیا اور مختلف موضوعات بشمول معیشت، روزگار، مہنگائی اور خارجہ پالیسی پر این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوالات اٹھائے۔ کتابچہ میں حکومت کے اس دعوے کو مسترد کردیا گیا کہ دو سال کے دوران غیر معمولی ترقی ہوئی۔ اس کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران انتہائی مایوسی کے بادل چھائے رہے۔ ایسے وقت جبکہ مودی حکومت کے دو سال ہونے جارہے ہیں، افسوسناک پہلو یہ ہے کہ جشن کا کوئی موقع ہی نہیں ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی اور ہجوم نے محض شبہ کی بنیاد پر بے قصور افراد کا قتل کیا۔ بی جے پی قائدین نے نفرت اور تشدد کی فضاء پیدا کی اور جو کوئی ان کی رائے سے اتفاق نہ کرے اس کی حب الوطنی کے بارے میں سوالات اٹھائے۔ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے سلسلے میں حکومت کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے کہا کہ وہ جرأت مندانہ اصلاحات کا حوصلہ پیدا کرے ۔ ممبئی میں سینئر کانگریس لیڈر کپل سبل نے کہا کہ میرے لئے یہ بات ناقابل فہم ہے کہ آخر یہ جشن کیوں منایا جارہا ہے جبکہ ملک زرعی بحران سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے لئے کچھ نہیں کیا اور اس کے پاس جشن کا کوئی موقع ہی نہیں ہے۔ 2015ء میں مہاراشٹرا میں 3228 کسانوں نے خودکشی کی اور بی جے پی زیر اقتدار حکومت نے ان کی حالت زار کو نظرانداز کردیا۔ احمد آباد میں کانگریس لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ مودی حکومت نے پرانی اسکیمات کو نئے ڈھنگ سے پیش کرنے میں مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیمات یو پی اے دور حکومت میں ہی شروع کی جاچکی تھیں۔ انہوں نے اس ضمن میں کئی اسکیمات کی مثالیں پیش کیں۔
ترنمول کانگریس کی ریالی میں دھماکہ سے 9 افراد زخمی
برسات (مغربی بنگال) 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی 24 پرگنہ ضلع میں کائپل پور کے مقام پر آج ترنمول کانگریس کے جلوس فتح پر بم حملہ سے 9 افراد بشمول 6 بچے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ جلوس فتح (وکٹری ریالی) میں بم پھٹنے سے حکمراں ترنمول کانگریس کے 3 حامی اور دیگر 6 بچے زخمی ہوگئے۔ جوکہ ریالی کے قریب ٹھہرے ہوئے تھے۔ زخمی پارٹی حامیوں اور بچوں کو بشیرپیٹ ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا۔ پولیس، حملہ آور کی شناخت کے لئے مقامی لوگوں سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔