مودی حکومت پر عوام کو دھوکہ دینے کا الزام

یو پی اے حکومت کی ہی معاشی پالیسیوں پر عمل پیرا، ٹریڈ یونینس کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹریڈ یونینس نے آج الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت عام آدمیوں کو ’’دھوکہ‘‘ دے رہی ہے۔ ایک طرف عوام الناس کو سخت محنت کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے دوسری طرف وہ کارپوریٹ گھرانوں کو اندھادھند فوائد پہنچا رہی ہے۔ آل انڈیا سنٹرل کونسل آف ٹریڈ یونینس ملحق سی پی آئی ایم _ ایم ایل (لبریشن) نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت سابق یو پی اے حکومت کی ان ہی معاشی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں جو ناکام ہوچکی ہیں۔ یونین کے قومی سکریٹری راجیو ڈمری نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد مودی حکومت یو پی اے حکومت کی ہی معاشی پالیسیوں پر عمل کررہی ہے۔ حکومت کے مزے حاصل کرتے ہوئے مودی غریب عوام سے کہہ رہے ہیں کہ وہ قوم کیلئے سخت محنت کریں جبکہ انہوں نے کارپوریٹ گھرانوں کو کئی مراعات دے رکھے ہیں۔ قیمتوں میں اضافہ کو روکنے کی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے۔ مودی حکومت کے 100 دن پورے ہونے پر جنترمنتر پر دھرنا دیتے ہوئے ٹریڈ یونینس نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کو کھلی چھوٹ دینے سے مہنگائی پر قابو پانا مشکل ہوگیا ہے۔