مودی حکومت پر صنعت کاروں کے ہاتھوں کٹھ پتلی بننے کا الزام

محبوب نگر۔/16مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سکریٹری سی پی ایم ایم اے جبار نے چیتنیہ اسکول میں منعقدہ پارٹی کے سیاسی تربیتی کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنے کا مودی نے وعدہ کیا تھا لیکن یہ صرف انتخابی وعدوں تک محدود رہ گیا۔ انہوں نے سخت لہجہ میں کہا کہ مودی ملک کے سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن کر رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اچھے دن یہی ہیں کہ غریب کسانوں کی زمین ہتھیالی جائے؟۔ مزدوروں کیلئے جو نئے قوانین تیار کئے جارہے ہیں اس سے صرف آجرین کو ہی فائدہ ہوگا۔ ایل آئی سی ، ریلوے اور ٹیلی کام کو 49فیصد بیرونی سرمایہ کاری کیلئے جو ترغیب دی جارہی ہے اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملک کو امریکہ کے اپس گروی رکھنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع میں ایف ڈی آئی کو شریک کرنے سے ملک کے اہم رازوں کے افشاء ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ مودی حکومت جو بار بار ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کرتی جارہی ہ اس کے خلاف پارٹی کی جانب سے احتجاج منظم کیا جائے گا۔ اس موقع پر گرومورتی، انورادھا، چندرا کانت، راملو و دیگر موجود تھے۔