مودی حکومت پر آر بی آئی جیسے اہم اداروں کو کمزور کرنے کانگریس کا الزام

نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ حکومت، آر بی آئی کے بشمول اہم اداروں کو کمزور کرنے جارہی ہے۔ کانگریس نے مودی حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ امکنہ، مڈ ڈے میل اور مربوط فروغ اطفال اسکیم کے بشمول مختلف سماجی شعبہ کی اسکیمات کیلئے بجٹ مختص کرنے میں بھی دھاندلیاں کی گئی ہیں۔ کانگریس رکن کے وی تھامس نے حکومت پر یہ بھی نشانہ لگایا کہ اسنے جواہر لال نہرو کی جانب سے تشکیل دیئے گئے 60 سال پرانے منصوبہ بندی کمیشن کو بھی برخاست کردیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے استفسار کیا کہ آخر اس کی حکومت میں غذائی سلامتی قانون کا کیا حشر ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ چیف انفارمیشن کمشنر کا عہدہ بھی خالی ہے۔ بی جے پی نے کانگریس رکن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت غریب اور کسانوں کے فائدہ کیلئے کام کررہی ہے۔ بی جے پی کے رکن نشکانت دوبے نے کہا کہ مودی حکومت ’’حقائق‘‘ کی بنیاد پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے سابق یو پی اے حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ یہ حکومت ہی ایسی تھی جس نے پالیسیوں پر عمل آوری کیلئے عوام کو گمراہ کیا تھا۔ یو پی اے حکومت یہ باور کراتے رہی کہ وہ اپنی پالیسیوں کو دیانتداری سے روبہ عمل لارہی ہے لیکن حقیقت میں غریبوں اور دیہی عوام کی حالت زندگی میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ لوک سبھا میں فینانس بل پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس رکن تھامس نے کہا کہ یہ حکومت دستواری اداروں کو بدنام اور کمزور کررہی ہے ایک کے بعد دیگر ادارے اپنی اہمیت کھو رہے ہیں۔

انہوں نے منصوبہ بندی کمیشن برخاست کرنے کے اقدام کا حوالہ دیا۔ اس کمیشن نے ہی ملک کو ایک سمت عطا کی تھی۔ ان کا استدلال تھا کہ نریندر مودی حکومت نے ملک کا اقتدار اس وقت حاصل کیا تھا جب ملک کی معیشت مضبوط تھی۔ انہوں نے کہاکہ وزیرفینانس ارون جیٹلی نے بھی ازخود کہا تھا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہیکہ ہندوستان کی معیشت کے بارے میں قیاس آرائی کرنا یا نہ کرنا دونوں برابر ہے۔ کانگریس لیڈر کے اس استدلال کے جواب میں دوبے نے کہا کہ تھامس نے ارون جیٹلی کے حوالے سے غلط نکتہ پیش کیا ہے۔ میں نے وزیرفینانس کی حیثیت سے آئی ایم ایف کے 2015ء میں کئے گئے مثبت تاثرات کا حوالہ دیا تھا۔ اس عالمی مالیاتی ادارہ نے منفی قیاس آرائیاں کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت سے ہی ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو ابتر کردیا ہے اور مودی کا ایک نکاتی ایجنڈہ یہ ہیکہ سرمایہ کاری کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔