نئی دہلی 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج الزام عائد کیاکہ نریندر مودی زیرقیادت حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی اور 5 سالہ میعاد ضائع کردی۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ حکومت کچھ بھی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ سابق وزیر فینانس نے کہاکہ بی جے پی زیرقیادت حکومت نے اپنی میعاد ترقی، نوکریوں اور جمع شدہ رقم کو عوام کے بینک کھاتوں میں ڈالنے کے وعدوں کے ساتھ شروع کی تھی لیکن اب وہ عظیم الشان مندروں، مجسموں کا وعدہ کررہی ہے۔ چدمبرم نے مودی کے ہاتھوں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے بہت بڑے مجسمے کے حالیہ افتتاح کے بارے میں ریمارکس میں کہاکہ بی جے پی اب ایودھیا میں زبردست رام مندر تعمیر کرنے کا وعدہ کررہی ہے جہاں لارڈ رام کی پیدائش ہونے کا یقین کیا جاتا ہے۔ لوک سبھا انتخابات تیزی سے قریب آرہے ہیں، اِس لئے تمام سیاسی قائدین ایک دوسرے کو تنقیدوں کا نشانہ بنارہے ہیں اور ماقبل چناؤ وعدوں کو پرکھ رہے ہیں۔