اچھے دن کی بجائے مہنگے دن آگئے ہیں۔ چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا کا خطاب
چندی گڑھ 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہودا نے آج نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حالانکہ بی جے پی نے انتخابات سے قبل اچھے دنوں کا وعدہ کیا تھا لیکن اب مرکز نے گذشتہ ایک ماہ میں جو اقدامات کئے ہیں ان کے نتیجہ میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ عائد کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے واضح ہوگیا ہے کہ اس کا مستقبل تابناک نہیں ہے ۔ مسٹر ہوڈا نے کروکشیترا ضلع میں پارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار پر آنے کے ایک ماہ کے اندر بی جے پی حکومت نے کئی عوام مخالف فیصلے کئے ہیں اور اس نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ اس کا مستقبل تابناک نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران عوام کو اچھے دنوں کا خواب دکھایا ۔ عوام کو بی جے پی کی پالیسیوں یا پروگرامس کی بجائے ایک شخص کو ووٹ دینے پر مجبور کیا گیا ۔ عوام میں یہ تاثر دیا گیا کہ ایک فرد ( مودی ) ایسا جادو رکھتا ہے جس سے ملک کو درپیش تمام مسائل حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں بشمول ٹرین کرایوں میں اضافہ ‘ فیول اور شکر کی قیمتوں میں اضافہ وغیرہ سے عوام پر بوجھ عائد ہونا شروع ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ پکوان گیس کی قیمت میں بھی اضافہ کیا جانے والا ہے ۔ عوام کو اچھے دن لانے کی بجائے اس حکومت نے عوام کیلئے مہینگے دن لائے ہیں۔ مسٹر ہوڈا نے کہا کہ عوام کو انتخابی مہم کے دوران یہ یقین دلا گیا کہ جیسے مودی وزیر اعظم بن جائیں گے ڈیزل 40 روپئے فی لیٹر ‘ دودھ 20 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جائیگا اور دوسری اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بھی کم کی جائیں گی ۔ تاہم حکومت کے ایک مہینے کے کام کاج میں ہی تمام امیدیں ختم ہوگئیں۔ جن امیدوں کے ساتھ عوام نے مودی کے حق میں ووٹ دیا تھا وہ بڑی تیزی سے مایویس میں بدلتی جا رہی ہیں اور عوام کو دھوکہ کا احساس ہونے لگا ہے ۔ کروکشیتر کے سابق رکن پارلیمنٹ و صنعت کار نوین جندال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے عوام کو صرف خواب دکھائے اور وہ انہیں شرمندہ تعبیر کرنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور اقتدار میں ہریانہ خوشحال ہوا ہے ۔ کانگریس نے ریاست کی ترقی اور بہتری کیلئے سخت جدوجہد کی ہے ۔