نئی دہلی۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت نے تقریباً 120 قوانین کی تنسیخ عمل میں لائی ہے اور ماباقی 945 قوانین کو برخاست کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اس کے لئے پارلیمنٹ کی منظوری کا انتظار ہے۔ ان قوانین کو ان کی کتابوں سے حذف کردیا جائے گا۔ وزارت قانون کے محکمہ لیجسلیٹیو کی جانب سے تیار کردہ ڈاٹا کے مطابق پارلیمنٹ میں دو بلوں کی منظوری کے ساتھ ہی 125 قوانین کو برخاست کردیا گیا ہے۔ مزید دو بلس پارلیمانی منظوری کے لئے زیرالتواء ہیں۔ جب بھی ان بلوں کو منظوری مل جائے گی، دیگر 945 قوانین کو بھی حذف کردیا جائے گا۔ وزارت قانون میں محکمہ لیجسلیٹیو کے سیکریٹری سنجے سنگھ نے کہا کہ ہم نے 1871 سے زائد قوانین کی نشاندہی کی ہے جن کی تنسیخ ضروری ہے کیونکہ ان قوانین کی موجودہ دور میں کوئی افادیت نہیں ہے۔ سال 2001ء سے پہلی مرتبہ وزارت قانون کی جانب سے ان قوانین کو برخاست کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ایجنڈہ کے مطابق ہی کام کیا جارہا ہے۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ ایسے قوانین کو برخاست کردیا جائے جو اس کے کام کاج میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ حکمرانی کی کارکردگی کو متاثر کرنے والے قانون کو حذف کردیا جارہا ہے۔