مودی حکومت میں کوئی ٹیم نہیں ، دو افراد کی حکومت

سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کی مودی حکومت پر تنقید
احمدآباد ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے آج کہا کہ واجپائی دور کے برعکس نریندر مودی زیرقیادت این ڈی اے حکومت دو افراد کی حکومت ہے۔ یشونت سنہا مرکزی وزیرفینانس اور وزیرخارجہ اٹل بہاری واجپائی کابینہ میں رہ چکے ہیں۔ وہ پتی دار قائد ہاردک پٹیل سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں ایک ٹیم ہوا کرتی تھی جس میں اختلافات بھی پیدا ہوتے تھے۔ آج کل ایسی کوئی ٹیم نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ واجپائی حکومت کے دور کا کلچر مودی زیرقیادت حکومت کے دور میں موجود ہے یا نہیں ہے انہوں نے کہا کہ آج اگر کوئی ٹیم موجود بھی ہے تو یہ دو افراد پر مشتمل ہے۔ وہ واضح طور پر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ان کی قیامگاہ پر بحیثیت رکن بی جے پی انہوں نے اکثر مودی حکومت پر تنقیدیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور مرکزی حکومت کو عوام کی ذرا بھی فکر نہیں ہے۔ ماضی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا بوجھ تیل کمپنیوں حکومت اور عوام میں تقسیم کیا جاتا تھا لیکن اب مکمل بوجھ عوام پر عائد کیا جارہا ہے۔ ناراض بی جے پی رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا بھی یشونت سنہا کے ساتھ ہاردک پٹیل سے ملاقات کیلئے گئے تھے۔ انہوں نے بھی اس پریس کانفرنس میں مودی پر تنقیدیں کیں۔ اس سوال پر کہ کیا مودی ’’ترقی کا نمونہ ہیں‘‘ یا پھر وہ اس کوشش میں عوام کو 2019ء کے انتخابات میں رجحانے میں ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نمونہ پہلے ہی ناکام ہوچکا ہے ۔ اب وقت باقی نہیں ہے۔ مودی زیرقیادت حکومت کسی بھی قسم کا فائدہ حاصل نہیں کرسکے گی۔ قبل ازیں یشونت سنہا نے ہاردک پٹیل کی بھرپور تائید کی۔