مودی حکومت میں فرقہ پرستی کو فروغ

کورٹلہ میں ویلفیر پارٹی کے جلسہ سے قائدین کا خطاب
کورٹلہ /21 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ویلفیر پارٹی کورٹلہ یونٹ کے زیر اہتمام دفتر جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ غریب بچاؤ دیش بچاؤ پوسٹر کی رسم اجرائی انجام دی گئی ۔ اس موقع پر مقررین نے کی گئی اپنی تقاریر میں کہا کہ بی جے پی کے ایک سالہ دور حکومت میں ہر محاذ میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انتخابات کے موقع پر مسٹر نریندر مودی جنہوں نے سب کی ترقی کے ساتھ امن اور انصاف اور اچھے دن جیسے نعروں کو بلند کرتے ہوئے ملک میں خوشحالی لانے کا عوام سے وعدہ کرتے ہوئے وزیر اعظم عہدہ پر فائز ہوئے ہیں لیکن مرکز کی بی جے پی ان نعروں کے برعکس چل رہی ہے اور ملک میں فرقہ واریت کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ مرکزی حکومت کی تمام پالیسیاں صرف اور صرف کارپوریشن کمیٹیوں کی تائید اور کسانوں کی مخالف ہے ۔ بار بار فرقہ وارانہ بیان بازی کرتے ہوئے گھر واپسی اور مسلمانوں کو ووٹ سے محروم کرنے کی بیانات دیتے ہوئے مرکزی وزراء مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچا رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی ان وزراء کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی ملک میں فرقہ پرستی کو ہوا دیکر مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کر رہی ہے ۔ بی جے پی کی اس پالیسی کے سبب آج ملک کا سیکولرازم خطرہ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات اور وقف جائیدادوں کے تحفظ میں کوتاہی کر رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے کرؤڑوں روپیوں کی وقف املاک پر ناجائز قابضین قبضہ کئے ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت سے حالیہ آلیر انکاونٹر کی جوڈیشل تحقیقات کرواتے ہوئے خاطی پولیس ملازمین کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس تقریب میں مسٹر محمد نعیم الدین امیر جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ ، جناب الیاس احمد خان صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا شاخ کونسلر جناب محمد امجد علی سکریٹری ویلفیر پارٹی آف انڈیا ، جناب محمد نجیب الدین صدر امپاورمنٹ فورم کورٹلہ ، جناب احمد عبدالقیوم سابق کونسلر جناب مظہرالدین صدر مسلم ویلفیر پارٹی کورٹلہ جناب محمد رفیع الدین ایڈوکیٹ ، جناب محمد عبدالمقیم سکریٹری شعبہ خدمت خلق جناب جلیل ، جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست نے شرکت کی ۔