مودی حکومت ملک کے ہر اِدارہ کو نقصان پہونچا رہی ہے

عدلیہ ،پارلیمنٹ ، سی بی آئی اور اب آر بی آئی کو نشانہ بنایا گیا ، سیتا رام یچوری کا بیان

نئی دہلی۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم لیڈر سیتا رام یچوری نے آج نریندر مودی حکومت کو ملک کے اہم اداروں کو نقصان پہونچانے کا قصوروار ٹھہرایا اور کہا کہ یہ حکومت خود مختار ادارہ پر اپنی اجارہ داری مسلط کرکے ان کی افادیت کو بڑے پیمانے پر دھکہ پہونچا رہی ہے۔ ملک کے اہم خود مختار ادارے جیسے سی بی آئی، آر بی آئی اور دیگر کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کے ہر ایک ادارہ کو تباہ کررہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکمراں طبقہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ قومی اداروں میں ڈال رہا ہے۔ دانستہ طور پر یہ حکومت اپنی غلطیوں کو پوشیدہ رکھنے کیلئے ان اداروں کا سہارا لے رہی ہے۔ اب ان اداروں کی خرابیاں برسرعام آچکی ہیں۔ ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ، سی بی آئی اور اب آر بی آئی اس حکومت کے نشانہ پر ہیں۔ سی پی آئی ایم جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے مودی حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ اپنے ہی اداروں کی خرابیاں دور کرنے سے قاصر ہے۔ اہم اداروں اور اہم مسائل سے نمٹنے میں وہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ یہاں تک کہ یہ حکومت روزمرہ کے سرکاری کاموں کی انجام دہی سے بھی قاصر ہے جس کے نتیجہ میں ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے۔ حالیہ یہ چند سال ہماری تاریخ میں سب سے سیاہ ترین سال کی حیثیت سے جانے جائیں گے۔ حکومت نے اپنی تشہیر پر ہی 5,000 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں اور عوام الناس کو بری طرح نظرانداز کردیا ہے۔ عوام کی بہتر خدمت انجام دینے میں وہ ناکام ہوچکی ہے۔ دیگر اپوزیشن قائدین نے بھی مودی حکومت کی سلسلہ وار ناکامیوں کی فہرست پیش کی تھی۔ اس سے قبل بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے کہا کہ مودی حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور یہ تاریخی ناکام حکومت ہے۔ سابق این سی پی لیڈر اور کانگریس میں شامل ہونے والے طارق انور نے بھی کہا ہے کہ نریندر مودی اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ 2 کروڑ روزگار پیدا کرنے کا وعدہ وہ یکسر بھول گئے ہیں۔ ان کی حکومت میں سب سے بڑا اسکام رافیل معاہدہ ہے اور دیگر کئی مسائل میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔