مودی حکومت لفاظی کے ذریعہ عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے

نئی دہلی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی حکومت پر الزام عائدکیاکہ وہ اپنی لفاظی کے ذریعہ عوام کو بے وقوف بنارہی ہے۔ انہوں نے این ڈی اے کو ’’این پی اے دوراقتدار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں بینکوں میں غیرکارکرد اثاثہ جات کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مودی اعدادوشمار بیان کرنے میں یقین نہیں رکھتے۔ انہیں صرف جملہ بازی اور بھاشن بازی سے دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرکارکرد بینک اثاثہ جات ڈسمبر 2015ء سے 2016ء تک 261000 کروڑ روپئے مالیتی ہوگئے ہیں اور اندیشہ ہیکہ ان کے دو تا تین سالہ دوراقتدار میں یہ 7 لاکھ کروڑ روپئے مالیتی ہوجائیں گے۔ یہ ڈرامائی اضافہ ہے لیکن یہی حقیقت بھی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ مودی کی ذہنیت، ان کی نمایاں خصوصیت اور انداز صرف الفاظ سے کھیل کر عوام کو بیوقوف بنانے کے مقصد سے ہے۔ وہ تفصیلات سے گریز  کرتے ہیں اور اعداد و شمار پیش نہیں کرتے۔ کانگریس نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے امراض قلب کے مریضوں کیلئے اسٹنس کی قیمت میں کمی کردی ہے تاکہ عوام ان کے اس اقدام پر خوش ہوجائیں۔ کانگریس نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس مسئلہ پر ایک درخواست مفادعامہ داخل کی گئی ہے اور توہین عدالت کی ایک درخواست پہلے ہی سے زیرالتوا ہے۔ عدالت نے جواب دینے کیلئے حکومت کو چار ماہ کی مہلت دی ہے۔ دہلی ہائیکورٹ نے اکٹوبر 2016ء میں اپنا فیصلہ سنایا تھا۔ دیڑھ سال بعد تحقیر عدالت کی درخواست کی سماعت ہنوز نہیں ہوسکی۔ فبروری 2017ء میں سرکاری وکیل نے عدالت سے کہا تھاکہ اسٹنس کی قیمت مقرر کی جائے گی لیکن عمل آوری ڈھائی سالہ دورحکومت کے بعد کی گئی۔ اس طرح حکومت نے عدالت کی توہین کی ہے۔