مودی حکومت سے کسان بجٹ پیش کرنے کا مطالبہ

ریلوے بجٹ کو عام بجٹ میں ضم کرنے پر راہول گاندھی کا ردعمل
کانپور 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے نریندر مودی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ کسانوں کے حق میں قدم اُٹھاتے ہوئے ان کی فصلوں اور اجناس کے لئے درست قیمت ادا کرنے کو یقینی بنائے، ’’کسان بجٹ‘‘ تیار کریں۔  راہول گاندھی نے کہاکہ میں نے عام بجٹ کے ساتھ ریلوے بجٹ کو ضم کرنے کی خبر سنی ہے۔ اگر یہ ہوسکتا ہے تو پھر وزیراعظم نریندر مودی سے یہ پوچھا جائے گا کہ وہ کسان بجٹ بھی تیار کریں۔ کسان بجٹ سے کسانوں کو ان کی فصلوں کی صحیح قیمت حاصل ہوگی۔ جبکہ انھیں اس وقت خاطر خواہ قیمت نہیں مل رہی ہے۔ مرکز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ صنعتکاروں کے قرض معاف کردی ہے لیکن کسانوں کے نہیں۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہاکہ کانگریس حکومت کی یہ اولین ترجیح ہوا کرتی تھی اور کسانوں کے قرضے معاف کردیتی تھی۔ کیوں کہ ہمارے لئے کسان اور نوجوان بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ راہول گاندھی نے مودی پر تنقید کی کہ انھوں نے 2 کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن دو سال گزرنے کے بعد بھی صرف ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ اپوزیشن کی حیثیت سے کانگریس اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔