نئی دہلی 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی این ڈی اے حکومت میں اپنے اقتدار کے 6 ماہ مکمل کرلئے ہیں۔ کانگریس قائد کمل ناتھ نے مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نے ملک کے عوام سے جھوٹے وعدے کئے ہیں۔ 6 ماہ قبل وزیراعظم نے انتخابی تیقنات دیئے تھے لیکن موجودہ حکومت رفتار کے پٹے کی حکومت ہے۔ ہر ایک کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ دوڑ رہی تھی لیکن درحقیقت وہیں کھڑی ہوئی ہے جہاں پر ابتداء ہی سے وہ تھی۔ کمل ناتھ نے کہاکہ حکومت کے اعلانات اور تیقنات کو 6 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے، عام آدمی اب اُن پر عمل دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ اُنھیں کچھ راحت حاصل ہوسکے۔ ابھی تک اچھے دن اگر نہیں آئے۔ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن مودی حکومت کا اِس میں کوئی کردار نہیں ہے۔