صرف جذباتی بیانات کا سہارا ، پارلیمانی اجلاس کی طلبی سے گریز : آنند شرما
احمدآباد 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ’گجرات کے بیٹے‘ کے خلاف کانگریس کی جانب سے بے بنیاد الزامات عائد کئے جانے سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے اس اپوزیشن جماعت نے آج کہاکہ وہ (وزیراعظم مودی) وعدوں کو پورا کرنے میں ناکامی پر بحث سے فرار ہونے کے لئے جذباتی بیانات دے رہے ہیں۔ کانگریس کے ایک سینئر لیڈر آنند شرما نے کہاکہ اگر وہ (مودی) مضبوط ہیں تو اُنھیں پارلیمنٹ کا سرمائی سیشن طلب کرتے ہوئے سوالات کا سامنا کرنا چاہئے۔ آنند شرما نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ ’’اگر وہ (مودی) گجرات کے ہیں تو آیا کس لئے وزیراعظم کو ہم گجرات میں چیلنج نہیں کرسکتے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’وہ (مودی) اترپردیش جاتے ہیں اور (سماج وادی پارٹی کے لیڈر) اکھلیش یادو کو، جب بہار جاتے ہیں تو لالو پرساد یادو کو بُرا بھلا کہتے ہیں۔ اترپردیش میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی اہانت کرتے ہیں‘‘۔ آنند شرما نے کہاکہ ’’ہم آپ (مودی) کی توہین تو نہیں کررہے ہیں لیکن کیا ہمیں آپ سے کوئی سوال بھی نہیں کرنا چاہئے؟‘‘ شرما نے دعویٰ کیاکہ ’’مودی کے پاس برداشت اور جمہوری مزاج اور رجحان نہیںہے جس کی وجہ وہ ایسا کررہے ہیں‘‘۔ کانگریس کے لیڈر نے الزام عائد کیاکہ ’’آپ (مودی) کے وعدے جھوٹ ثابت ہوگئے ہیں اور آپ بحث سے بچنے کے لئے بھاگ رہے ہیں۔ اس کے لئے صرف جھوٹے اور جذباتی بیانات دے رہے ہیں‘‘۔ آنند شرما نے دعویٰ کیاکہ ’’مودی کو سچ سے نفرت ہے اور وہ اکثر جھوٹ بولتے ہیں۔ زوردار آواز میں پکارتے ہیں لیکن طاقتور نہیں ہیں۔ اگر وہ طاقتور ہوتے تو پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس طلب کرتے اور سوالات کا سامنا کئے ہوتے تھے‘‘۔
مودی ۔ راہول کی گجرات واپسی
نئی دہلی ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کل گجرات کے میدان جنگ میں واپس آجائیں گے جہاں اقتدار کیلئے انتخابی جنگ ہورہی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کا سخت مقابلہ ہے