مودی بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں:انٹونی

کوزھی کوڑ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام)وزیر دفاع اے کے انٹونی نے آج نریندر مودی پر جوابی وار کرتے ہوئے جنہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی پر اطالونی میرین مسئلہ کے سلسلہ میں در پردہ تنقید کی تھی ،کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں،وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی وزیر اعظم بننے کے اہل نہیں ہیں۔ وہ کل ایٹا نگر میں انتخابی جلسہ میں مودی کی تقریر کے بارے میں سوال کا جواب دے رہے تھے جہاں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ سونیا گاندھی نے دو میرین سپاہیوں کو ہندوستان سے کیرالہ کے ساحل پر ماہی گیروں کو قتل کرنے کے بعد روانگی کیلئے محفوظ راہداری فراہم کی تھی۔ انٹونی نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے کے تحت مرکز میں ایک سیکولر حکومت انتخابات کے بعد برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف سی پی آئی ایم کا عہد مخلص ہے تو انہیں کانگریس زیر قیادت محاذ کی تائید کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کوئی بھی سیاسی پارٹی اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی۔ انتخابات کے بعد کئی سیاسی پارٹیاں تشکیل حکومت کیلئے کانگریس کی تائید کرنے آگے آئیں گی۔