مودی بھگوان کا تحفہ، سشما قوم کا اثاثہ:وینکیا نائیڈو

نئی دہلی ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی قوم کیلئے بھگوان کا تحفہ ہے اور وزیر خارجہ سشما سوراج قوم کا اثاثہ ہے ۔ مرکزی وزیر پارلیمانی امور مسٹر وینکیا نائیڈو نے آج وزیر خارجہ کے استعفیٰ کیلئے کانگریس کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے یہ بات کہی اور یہ الزام عائد کیا کہ کانگریس پا رٹی چونکہ نریندر مودی حکومت کی کامیابیوں سے حسد رکھتی ہے اور قوم کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے جس کی وجہ سے پارلیمنٹ میں خلل اندازی کر رہی ہے۔ مختلف اسکاموں کے الزام میں مرکزی وزیر سشما سوراج راجستھان اور مدھیہ پردیش کے چیف منسٹرس وسندھرا راجے اور شیوراج سنگھ چوہان کے استعفیٰ کیلئے کانگریس کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ ملک کیلئے ایک اثاثہ اور دیگر قائدین غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بی جے پی کی تنظیم نوجوانان اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ بی جے پی کے وزراء اور چیف منسٹرس کے خلاف کوئی ٹھوس الزامات نہیں ہیں۔ اس کے باوجود کانگریس استعفیٰ پر مصر ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم کے حق میں تعریف کے پل باندھتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کیلئے بھگوان کا تحفہ ہے ، جن کی قیادت میں ہند۔ بنگلہ دیش سرحدی معاہدہ اور ناگا امن معاہدہ حاصل کیا گیا اور نریندر مودی کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آسٹریلیا اور کینیڈا نے ہندوستان کے ایٹمی پراجکٹس کو یورانیم سربراہ کرنے سے اتفاق کرلیا۔ بی جے پی لیڈر نے نریندر مودی کو تھری ڈی (3D) وزیراعظم قرار دیا ۔