مودی ایک مچھلی کا بھی تحفظ نہیں کرسکے: سونیا گاندھی

کینی(مغربی بنگال)۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے ملک کی سرحدوں کے تحفظ سے متعلق وعدوں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج انتخابی ریالی سے خطاب کے دوران سوال کیا کہ جو شخص ہندوستانی آبی حدود میں غیرملکی ماہی گیروں سے مچھلی کی حفاظت نہیں کرسکتا ‘ وہ سرحدوں کی حفاظت کیا کرے گا۔ بی جے پی اور ترنمول کانگریس نے ماہی گیروں کے مچھلی پکڑنے پر امتناع عائد کیا لیکن پڑوسی ممالک سے ماہی گیر کھلے عام ہندوستانی آبی حدود میں مچھلی پکڑ رہے ہیں۔ سونیا نے کہا کہ مودی سرحدوں کی حفاظت کے بارے میں بلند بانگ دعوے کیا کرتے تھے لیکن وہ یہاں کی مچھلی کا بھی تحفظ نہیں کرپا رہے ہیں۔