کولکتہ ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کو این آر آئی وزیراعظم قرار دیتے ہوئے ترنمول کانگریس نے مرکز میں حکومت کی دیڑھ سالہ کارکردگی کے بارے میں سوالات اٹھائے۔ ترنمول کانگریس کے سکریٹری جنرل پارتھا چٹرجی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے وزراء نے بیرون ملک سفر کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ این آر آئی وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے اچھے دن کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اب تک وہ اچھے دن نہیں آئے۔ غریب عوام اس وقت بی جے پی زیرقیادت حکومت کے خلاف برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔ پارتھا چٹرجی نے کہا کہ مغربی بنگال میں ممتابنرجی کی کامیابی سے بی جے پی پریشان ہے اور وہ ٹی ایم سی حکومت کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خود بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ بی جے پی نے کل ممتابنرجی حکومت کو بایاں بازو کے 34 سالہ عدم حکمرانی کی توسیع قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ ترقی کے دعوؤں پر سوالات اٹھائے تھے۔