مودی اور کے سی آر پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

کاماریڈی میں کانگریسی کارکنوں کا اجلاس ، محمد علی شبیر اور دیگر کا خطاب

کاماریڈی :26؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ظہیر آباد پارلیمانی حلقہ کے کانگریس پارٹی کے یلاریڈی ، کاماریڈی حلقہ کے کارکنوں کا ایک اجلاس کاماریڈی میں منعقد کیا گیا ۔ اس اجلاس میں ایم ایل سی محمد علی شبیر ، رکن اسمبلی یلاریڈی جئے سریندر ، آل انڈیا کانگریس کانگریس کے سکریٹری سرینواس کرشنن کے علاوہ سابق رکن اسمبلی سید یوسف علی ،پارلیمانی امیدوار مدن موہن رائو نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے اعلیٰ قائدین ملک کے تحفظ کیلئے کئی قربانیاں دی چکی ہے اور اسی خاندان سے تعلق رکھنے والے راہول گاندھی کی قیادت میں انتخابات ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہورہے ہیں اور نریندر مودی 5 سالہ دور میں عوام کو گمرا ہ کرنے کے سواء کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ کالا دھن واپس لانے کے نام پر نوٹ بندی کے ذریعہ کئی افراد کو بے روزگار بنانے کے علاوہ عوام کو مشکلوں میں ڈھکیل دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے ذریعہ اب تک کتنی رقم جمع ہوا ہے تین سال کا وقفہ گذرنے کے باوجود بھی اب تک اس کے اعداد و شمار پیش نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے ٹی آرایس کے کار گذار کے ٹی آر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 16 اراکین پارلیمنٹ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی جارہی ہے جبکہ 5سال میں 15اراکین پارلیمنٹ ہونے کے باوجود بھی کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اعداد و شمار سے ناواقف ہے جس کی وجہ سے اس طرح کی باتیں کررہے ہیں ۔ 543 میں 243 آنے والی پارٹیوں کی سرکار قائم ہوگی اوروزیر اعظم اسی پارٹی کا ہوگا ۔ 16اراکین پارلیمنٹ سے کس طرح وزیر اعظم بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو ان کے خلاف آواز اٹھانے والے قائدین کا گلا گھونٹ رہے ہیں ان کی سازشوں کی پرواہ کئے بغیر ہی کانگریس پارٹی میں رہتے ہوئے جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کانگریس امیدوار مدن موہن کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر کانگریس امیدوار مدن موہن نے کہا کہ ٹی آرایس امیدوار بی بی پاٹل 5 سالہ کے وقفہ میں عوامی مسائل کو فراموش کرنے کی زندہ مثال یہ ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو منظور کردہ 25 کروڑ میں سے 20 کروڑ روپئے خرچ نہیں کیا اور نہ ہی کبھی پارلیمنٹ میں نظر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک کے ہر شخص کو سالانہ 72 ہزار روپئے راست طور پر بینک کھاتوں میں جمع کرنے کی اسکیم کا اعلان کیا ہے اور اس سے 25 کروڑ عوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدارمیں نہ رہنے کے باوجود بھی ٹاٹا کمپنیوں کے ذریعہ جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا تھا اس موقع پر کل ہند کانگریس کے سکریٹری سرینواس کرشنن نے اپنی تقریر میں کہا کہ ٹی آرایس کے 5 سالہ دور میں صرف جھوٹے اعلانات کے سوا کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ ٹی آرایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے برابر ہے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی یلاریڈی سریندر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے امیدوار کی کامیابی سے حلقہ کی ترقی یقینی ہوگی اور راہول گاندھی وزیر اعظم بنیں گے ۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی سید یوسف علی کے علاوہ ضلع کانگریس صدر کیلاش سرینواس رائو ، ضلع پریشد کے رکن موہن ریڈی و دیگر بھی موجود تھے ۔