مودی اور کے سی آر عوام کو خوشحالی فراہم کرنے میں ناکام

محبوب نگر ۔ 6 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کے غریب عوام کو فی کنبہ 3 ایکر اراضی کی فراہمی سے اگر ریاست کے تمام غریب عوام مستفید ہوتے ہیں تو کے سی آر سے بڑا کامریڈ کوئی اور نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مستقر محبوب نگر کے ضلع پریشد میدان میں سی پی ایم کے ریاستی 17 ویں کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ریاستی سی پی ایم سکریٹری تمینیی ویرابھدرم نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات سے قبل عوام کو کئی ایک وعدوں پر عمل آوری کا تیقن دینے پر عوام نے بھروسہ کرکے ٹی آر ایس کو اقتدار دیا۔ اقتدار کے 7 ماہ بعد دلتوں کو صرف 1500 ایکر اراضی فراہم کی گئی جبکہ 3.30 لاکھ مستحق خاندانوں میں تقسیم کیلئے 10 لاکھ ایکر اراضی درکار ہے۔

اگر سال میں 2 لاکھ ایکر بھی تقسیم کئے جائیں تو 5 سال میں بھی نشانہ پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے سینکڑوں ایکر سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کو بتایا کہ اس کی تفصیلات ہمارے کارکنوں کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ کیا تفصیلات فراہم کرنے پر آپ وہ زمین واپس لیتے ہوئے غریبوں میں تقسیم کریں گے؟ عوام نے خوشحالی کیلئے مرکز میں نریندر مودی اور ریاست میں کے سی آر کو اقتدار دیا۔ 7 ماہ کے اقتدار میں دونوں حکومتیں عوام کو خوشحالی نہ دے سکے۔ جلسہ سے سی پی ایم کی ریاستی قائد جیوتی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیہاتوں سے غریب عوام روزگار کی تلاش میں جو نقل مقام کررہے تھے 2006ء میں اس کے خلاف ہم نے جو شدید احتجاج کیا تھا اس کے بعد مرکزی حکومت نے ضمانت روزگار کی تلاش میں جو نقل مقام کررہے تھے،

2006ء میں اس کے خلاف ہم نے جو شدید احتجاج کیا تھا اس کے بعد مرکزی حکومت نے ضمانت روزگار اسکیم کا آغاز کیا تھا لیکن موجودہ حکومت اب کئی ایک شرائط عائد کررہی ہے۔ انہوں نے آدھار کارڈ کو گیس سبسیڈی سے مربوط کرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ گیس سبسیڈی کیلئے عوام کو آسانیاں مہیا کرے۔ اس کے علاوہ دیگر اسکیمات کو آدھار سے مربوط کرنا بھی غریبوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ سی پی ایم کے ریاستی قائد کلے گوپال نے کہا کہ کنٹراکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا جو وعدہ حکومت نے کیا تھا، تاحال اس پر عمل آوری نہ ہوسکی۔ جلسہ کی صدارت سی پی ایم کے ضلعی صدر کرومورتی نے کی۔ جلسہ کو سی پی ایم کے ضلع سکریٹری عبدالجبار نے بھی مخاطب کیا۔ جلسہ میں قمرعلی، رمیش، بال ریڈی، چندرا کانت، انورادھا و دیگر موجود تھے۔ جلسہ میں پارٹی قائدین، کارکنوں کے علاوہ عوام کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔ آخر میں کلچرل پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔