مودی اور کجریوال کی وجہ سے وارانسی کی اہمیت

نئی دہلی۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے کہا کہ ان کے طویل سیاسی کیریئر میں شاید پہلی بار ایسا ہوا ہیکہ ملک میں وارانسی اس وقت انتخابی نتائج کا اہم مرکز بن گیا ہے ورنہ مندروں کے شہر کو ماضی میں سیاسی طور پر اتنی اہمیت کبھی نہیں دی گئی اور عوام بھی یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ نریندر مودی اور کجریوال کی وجہ سے وارانسی ایک اہمیت کا حامل مقام بن چکا ہے جبکہ یہاں کے مقامی کانگریسی قائد اجے رائے وہ شخص ہیں جنہوں نے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیںلیکن انہیں نظرانداز کیا جارہا ہے۔

لالو پرساد کے کانگریس سے خوفزدہ ہونے پر راج ناتھ سنگھ کو حیرت
مظفر پور (بہار) ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے آج اظہار حیرت کیاکہ آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد کانگریس سے کیوں خوفزدہ ہیں اور یہ جاننے کے باوجود کہ ملک گیر سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور کرپشن کے غلبہ کی کانگریس ہی ذمہ دار ہے، اُس کی تائید کیوں کررہے ہیں۔ وہ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ آخر کانگریس برہم ہوجائے تو اُن کا کیا بگاڑ لے گی۔ لالو پرساد اب بھی کانگریس سے وابستہ ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ملک کو ایک طاقتور حکومت کی ضرورت ہے۔