مودی اور راجے نے عوام سے غداری کی :کانگریس

جئے پور ۔ 12 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالا نے آج مرکز اور راجستھان کی بی جے پی حکومتوں پر بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ غداری کا الزام عائد کیا ، انھوں نے کہاکہ نریندر مودی نے محکمہ محنت کو ملازمتوں کے اعدداد و شمار جاری نہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اُن کی ناکامیوں کی پردہ پوشی ہوسکے ۔ برسراقتدار آنے کے بعد مرکز کی بی جے پی حکومت نے دو کروڑ ملازمتوں کے مواقع سالانہ فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن راجستھان میں گزشتہ پانچ سال کے دوران پندرہ لاکھ ملازمتوں کے مواقع کا تیقن دیا گیا تھا لیکن بی جے پی حکومتوں نے عوام کے ساتھ غداری کی ۔ ریاست اور ملک کے عوام اپنے آپ کو دھوکہ دہی کا شکار محسوس کررہے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان نے مزید کہاکہ راجستھان میں 7 ڈسمبر کو رائے دہی مقرر ہے یہاں بیروزگاری کی شرح قومی اوسط کی دوگنی ہوچکی ہے ۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو پکوڑے تلنے اور پان بیچنے کی رائے دی ہے جبکہ چیف منسٹر نے احتجاجی بیروزگار نوجوانوں کو لفنگے قرار دیا ہے ۔