مودی اب شخصی تنقیدوں پر اتر آئے ہیں:منی شنکر ایئر

چینائی 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ’’چائے بیچنے والا‘‘کے کانگریسی رکن پارلیمنٹ منی شنکر ایئر کے تذکرہ پر ایک تنازعہ اٹھ کھڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے آج نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ قائدین پر شخصی حملہ کرنے پر اتر آئے ہیںکیونکہ انہیں ’’منہ توڑ جواب ‘‘ملا تھا انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کو شخصی حملوں کی پست ترین سطح تک پہنچانے والے نریندر مودی ہی ہیں ۔ انہوں نے کانگریسی قائدین کے خلاف ’’بد گوئی‘‘کی تھی۔ منی شنکر ایئر نے مودی کے وزیر اعظم بننے کی آرزو کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر گجرات جاریہ صدی میں تو یہ عہدہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ 21 ویں صدی میں مودی ملک کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے ۔

مودی نے اپنی زندگی کا آغاز ایک چائے بیچنے والے کی حیثیت سے کیا تھا ۔ مودی نے کانگریس قائدین پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام لوگ ’’سامراجی ذہنیت‘‘رکھتے ہیں۔