مودی آسام تشدد کے ذمہ دار نہیں :شیو سینا

ممبئی 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام )شیو سینا نے آج نریندر مودی کو آسام میںتشدد کا ذمہ دار قرار دینے پر کانگریس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ایسے الزامات عائد کررہے ہیں وہ ،ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں رام دو کے آشرم میں ارتکازکرنا چاہئے کیونکہ وہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ بی جے پی کی قدیم حلیف نے کانگریس قائد کپل سبل پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی ہندووں کے کاز یا آسام میں بنگلہ دیشی مسلمانوں کے مسئلہ پر بات کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا ۔ شیو سینا کے ترجمان سامنا کے آج کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ آسام جل رہا ہے ۔ وادی کشمیر میں امن عنقا ہے اور کپل سبل اور جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ مودی کے برسر اقتدار آنے سے خوفزدہ ہے کہ بنگلہ دیشیوں کو آسام سے نکال باہر کیا جائے گا اور ہندو پنڈتوں کو عزت کے ساتھ کشمیر واپس لایا جائے گا۔اداریہ میں کہا گیا ہے کہ کپل سبل کو کبھی ان مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔کانگریس کو خود احتسابی کی ضرورت ہے ۔ مودی کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیلنے کی باتیں کرنے والے وہی لوگ ہیں جو خود ملک کو منتشر کررہے ہیں۔