مودی۔ ٹرمپ مشترکہ بیان مایوس کن : کانگریس

نئی دہلی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے ہند ۔ امریکہ مشترکہ بیان کی آج مذمت کرتے ہوئے اس کو مایوس کن اور ازکار رفتہ قرار دیا جس میں باہمی تعلقات کے ضمن میں نئے اور بڑے خیالات کا فقدان ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشترکہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے ترجمان منیش تیواری نے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس میں تبدیلیوں سے زیادہ انحراف پایا جاتا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ اور ہندوستان اسلامی دہشت گردی کی اصطلاح و تشریح بیان کرنے کے معاملہ میں یکساں موقف پر نہیں پائے گئے۔ تیواری نے کہاکہ ’’ہندوستان اور امریکہ کا مشترکہ بیان صرف مایوسی کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ یہ ازکار رفتہ ہے جس میں کوئی بڑا خیال یا نظریہ نہیں ہے‘‘۔ مزید برآں اسلامی دہشت گردی کی تشریح کے معاملہ میں بھی امریکہ اور ہندوستان کا موقف یکساں نہیں رہا۔ تیواری نے کہاکہ ’’اسلامی دہشت گردی کے بارے میں ٹرمپ کی تشریح ہماری اُس تشریح سے بہت زیادہ مختلف و متفرق ہے جو ہم نے پاکستان کی سرپرستی پر مبنی سرحد پار دہشت گردی کے بارے میں کررہے ہیں‘‘۔