موجودہ ٹیم میں دباؤ کا بہتر سامنا کرنے کی صلاحیت : گنگولی

نئی دہلی 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن ہندوستانی ٹیم کے دباؤ میں ناقص مظاہروں پر اکثر تنقید کی جاتی رہی ہے لیکن ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ موجودہ ٹیم میں دباؤ کا بہتر سامنا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ تقریب سلام کرکٹ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے گنگولی نے کہاکہ 2003 ء میں ہمیں رکی پونٹنگ کی قیادت میں ایک بہترین ٹیم کے خلاف شکست ہوئی تھی لیکن موجودہ ٹیم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ دباؤ کے لمحات میں بہتر مظاہرہ کرے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ جوہانسبرگ میں آسٹریلیا کے خلاف ہوئی شکست کے بعد شائقین نے ہم پر پتھر برسائے تھے۔ دریں اثناء آسٹریلیائی سابق کپتان ایلن بارڈر نے بھی کہاکہ 50 اوورس کی کرکٹ میں اپنی نوعیت کا ایک دباؤ ہوتا ہے جبکہ 4 برس میں ایک مرتبہ ایسا موقع آتا ہے جہاں کھلاڑیوں کو اپنا بہتر مظاہرہ پیش کرتے ہوئے عالمی چمپئن بننا ہوتا ہے۔