موجودہ مرحلے پر قیادت کی تبدیلی سے پارٹی کے احیاء میں تاخیر کا اندیشہ : سندیپ ڈکشٹ

نئی دہلی۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق رکن پارلیمان کانگریس سندیپ ڈکشٹ نے آج اپنے موقف کا اعادہ کیا کہ سونیا گاندھی کو صدر کانگریس برقرار رہنا چاہئے اور پُرزور انداز میں کہا کہ موجودہ مرحلے پر قیادت میں تبدیلی سے انتخابی اعتبار سے کمزور ہوجانے والی پارٹی کے احیاء تاخیر ہوگی۔ سونیا گاندھی کی قیادت کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے عمر کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ ذہنی تندرستی اور نظریات کی پختگی ضروری ہے۔ ان کے یہ تبصرے راہول گاندھی کی 56 روزہ تعطیل سے واپسی اور عنقریب صدر کانگریس بنائے جانے کی اطلاع کے پیش نظر اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں پارٹی میں کشاکش پیدا ہوگی جو پارٹی کے احیاء میں تاخیر کی وجہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی ایک ایسی شخصیت ہیں جو جانتی ہیں کہ کونسی صورتحال میں کس قسم کے طریقے اختیار کرنا چاہتی ہیں۔