موجودہ دور میں سماجی علوم کی اہمیت، مسائل اور امکانات پر سمینار

محبوب نگر 28 جنوری (ذریعہ فیاکس) ڈاکٹر محمد غوث کنوینر سمینار و ڈاکٹر عزیز سہیل آرگنائزر سکریٹری کی اطلاع کے بموجب شعبہ سماجی علوم ایم وی ایس ڈگری و پی جی کالج محبوب نگر کے زیراہتمام بہ اشتراک قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان نئی دہلی کے ایک روزہ قومی سمینار بعنوان ’’موجودہ دور میں سماجی علوم کی اہمیت مسائل و امکانات‘‘ 23 فروری بروز پیر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں آج کالج میں ڈاکٹر جی یادگیری پرنسپل ایم وی ایس کالج نے سمینار کا بروچر جاری کیا۔ اُنھوں نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دراصل گلوبلائزیشن کے اس دور میں سماجی علوم کے شعبہ میں ہورہی تبدیلیوں اور رجحانات کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے امکانات کی تلاش کرنا اس سمینار کا مقصد ہے۔ اس سمینار میں شریک سماجی علوم کے دانشوروں، محققین، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان موضوع سے متعلق معلوماتی فضاء مہیا کرنا، معلوماتی مقالوں کی پیشکشی اور مباحث کے ذریعہ سیر حاصل گفتگو کرنا اور مثبت نتائج تک پہونچنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس سمینار میں قومی سطح کے معروف پروفیسرس کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر کنوینر ڈاکٹر محمد غوث نے سمینار سے متعلق تفصیلات فراہم کی اور کہاکہ سماجی علوم سے متعلق عصر حاضر کے تناظر میں لیکچررس، اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس اپنے مقالے 15 فروری 2015 ء سے قبل mvsseminar2015@gmail.com روانہ کریں۔