موجودہ دور میں ادب کی بگڑتی صورتحال پر تشویش

نظام آباد:12؍جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ادارہ ادب اسلامی ہند کی دو روزہ ادبی کانفرنس بھٹکل کرناٹک میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت جناب حسن رضا صدر ادارہ ادب اسلامی ہند دہلی نے کی۔ جس میں جنوبی ہندوستان کے صدر ومعتمدین نے شرکت کی ۔کیرالا، مہاراشٹرا، ٹاملناڈو،کرناٹک اور آندھراپردیش پر منحصر اس زونل کانفرنس میں ہندوستان کے مشہور و معروف ادیب حضرات نے اپنے مقالے پیش کئے۔ خصوصیت کے ساتھ جناب رؤف خیر حیدرآباد نے اپنا مقالہ بعنوان’’تعمیری ادب کا فروغ، مسائل وسائل اور امکانات‘‘ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے موجودہ دور میں ادب کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا ذکر کیا۔ کہاگیا کہ جب تک ادب کوہم زندگی کی رہنمائی کیلئے استعمال کریں تو یہ تعمیری کام انجام دے گا جس کیلئے ضروری ہے کہ آخرت کی جوابدہی کا تصور ہمیشہ ذہن و دل میں اجاگر کرواتے رہیں۔ جناب حسن رضا صدر ادارہ ادب اسلامی ہند دہلی نے اپنا مقالہ تعمیر ی ادب کی تخلیقی مسائل،وسائل، امکانات پر بڑی ہی گہرائی و گیرائی سے روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ تخلیق کار اپنی فکر و خیال کو پاکیزہ رکھیں

جس طرح سمندر کی ایک سیپی پانی کے ایک قطرے کو لیکر سمندر کی موجوں سے کھیلتے ہوئے سطح سمندر میں پہنچ کر اپنی حیثیت کو ختم کرکے موتی کی تخلیق کرتی ہے اسی طرح سے حالات سے نبردآزما ہوکر حسن وجمال کو خوفِ خدا کے ساتھ پیش کرے۔ ادب کو آوارگی کی سمت نہ ڈھالیں بلکہ اسے جواب دہی کے تصور کے ساتھ پیش کریں۔انہوں نے اپنے مقالہ میں کہاکہ دیگر زبانوں میں جو ملک میں اور بیرون ملک جو ادب صالح ہو اسے اُردو زبان میں ترجمہ کرکے ادب نواز حضرات تک پیش کریں۔ انہوں نے اپنے اختتامی خطاب میں کہاکہ اردو زبان میں شائع ہونے والے رسالے اب قریب الختم ہیں اور جو بھی رسالے ان دنوں چل رہے ہیں ان کا معیار بھی گھٹتا جارہا ہے ۔ جو ادبی رسالے اپنی تابانی کو برقرار رکھ کر صالح ادب کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ان رسالوں کی رسائی ان تک نہیں پہنچ پارہی ہے۔

ادارہ ادب اسلامی ہند کا ماہانہ ادبی رسالہ ’’پیش رفت‘‘ جو دہلی سے شائع ہوتا ہے اس کو ادب نواز حضرات تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس دوروزہ ادبی کانفرنس میں جناب سید ریاض تنہا صدر ادارہ آندھراپردیش جناب ظفر فاروقی معتمد ،کیرالہ سے جناب ضیاء الرحمن ضیاء ٹاملناڈو سے جناب ارشد صدیقی صدر ادارہ، مہاراشٹرا سے جناب محمد ابراہیم خان صدر ادارہ، کرناٹک سے جناب محمد عبدالقدیر نے شرکت کی۔ دوسرے دن طلباء میں ادبی ذوق کو پروان چڑھانے کیلئے علامہ اقبالؒ کی غزلوں پر مشتمل غزل سرائی کا مقابلہ منعقد ہوا۔ دوسرے دن شام ایک عظیم الشان مشاعرہ رابطہ ہال بھٹکل پر منعقد کیاگیا۔جس کی صدارت جناب مظہر محی الدین مظہر سابق صدر کرناٹک نے کی۔ مشاعرہ میں جناب سید ریاض تنہا نظام آباد، ظفر فاروقی حیدرآباد، اکبر زاہد وانمباڑی تاملناڈو، رؤف خیر حیدرآباد، مبین منور بنگلور، م راہی شیوگہ، سید مالک ندوی بھٹکل،ضیاء مدنی شانتاپورم کیرالہ، تمیز پرواز نانڈیڑ مہاراشٹرا، سید احمد راحل میسور، قدیر احمد قدیر کوپل کرناٹک ، نور الدین نور گلبرگہ نے شرکت کی۔ نوائط کالونی بھٹکل کا وسیع و عریض میدان سامعین سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا۔ اختتام پر جناب حفیظ میرٹھی مرحوم کی مشاعرہ کی ویڈیو کلپ دکھائی گئی۔ جناب حنیف شباب کنوینر دو روزہ کانفرنس کے شکریہ پر مشاعرہ اختتام پذیر ہوا۔