موجودہ حکومت نریگا پروگرام جاری رکھے گی

نئی دہلی ۔ 14 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کی این ڈی اے حکومت نے اس بات کا نوٹ لیتے ہوئے کہ نریگا (MNREGA) کے تحت محتلف شعبوں میں روزگار کے مواقع موجود ہیں، لہذا اس دیہی روزگار اسکیم کو موجودہ حکومت بھی جاری رکھے گی ۔ علاوہ ازیں حکومت نے راجیہ سبھا کو بھی مطلع کیا کہ اسکیم کے بہتر نفاذ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔ دریں اثناء ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات اپندر کشواہا کے ایک تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال اس اسکیم کے تحت مختلف روزگاروں کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے جس میں روزگار سے مربوط سیزن کا بھی عمل دخل ہے ۔ یہ بات قابل غور ہے کہ اس اسکیم کے تحت روزگار کی طلب میں کمی نہیں ہوئی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاس کتا ہے کہ 2011-12 ء میں 218.76 کروڑ افراد نے اس اسکیم سے استفادہ کیا وہیں 2013-14 ء میں219.72 کروڑ افراد نے اسکیم سے استفادہ کیا ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا موجودہ حکومت روزگار کے اس اہم پروگرام کو جاری رکھے گی جس کی طلب میں ہرگزرنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے تو انہوں نے اس کا مثبت جواب دیا۔