’’زیادہ تر اہم کھلاڑی آئندہ 10 سال تک ضرور کھیلیں گے‘‘
کانپور ، 22 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) سچن تنڈولکر نے آج ویراٹ کوہلی زیرقیادت موجودہ ٹیم کی تعریف و ستائش کی اور اُن کا احساس ہے کہ اہم کھلاڑیوں کا گروپ اگلے دہے تک بدستور کھیلے گا اور توقع ہے انڈیا کو دنیائے کرکٹ پر علبہ حاصل رہے گا۔ تنڈولکر نے جو بی سی سی آئی کی جانب سے 500 ویں ٹسٹ کے موقع پر خصوصی تقریب میں حصہ لینے یہاں آئے، ’اسٹار اسپورٹس‘ کو بتایا کہ ہمارے پاس زبردست ترکیب ہے۔ ان تمام کھلاڑیوں کے تعلق سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ سب نوجوان ہیں اور وہ قابل لحاظ عرصہ کھیلیں گے۔ میرے خیال میں یہ ٹیم مل کر 8 تا 10 سال کھیلے گی اور ورلڈ کرکٹ پر چھائی رہے گی۔ ماسٹر بیٹسمن جنھوں نے انڈیا کے 500 ٹسٹ میچز کا 40 فیصد (500 میں سے 200 ٹسٹ) کھیلے، موجودہ ٹیم کے توازن سے خوش ہیں۔ ’’ہمارے پاس جارحانہ روش ہے، توازن بہت اچھا ہے۔ اگر ہم ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہی کھیلتے رہیں ، ظاہر ہے کبھی کبھار چند تبدیلیاں ضرور ہوں گی لیکن اگر کھلاڑی مناسب ڈھنگ سے کھیلتے ہوئے فٹ رہیں تو ہمارا مستقبل تابناک ہے۔‘‘ تاہم تنڈولکر نے کہا کہ اس کھیل کے ذمہ دار حکام کو بیاٹ اور گیند کے درمیان مناسب توازن قائم رکھنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔منصفانہ طور پر دیکھیں تو فی الحال کھیل بیٹسمنوں کے حق میں ہے۔ T20 میچز میں بولروں کی پٹائی ہوتی ہے۔ او ڈی آئیز میں 300 بھی محفوظ ٹارگٹ نہیں رہا ہے۔ کوئی تو فارمٹ ہو جہاں بولروں کا بیاٹ پر غلبہ حاصل ہو۔