نئی دہلی11نومبر (سیاست ڈاٹ کام )انوکھے نظریات اور سرکاری عہدیداروں سے نئی پہل کا تقاضہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے آج ایک 10 نکاتی منشور سرکاری عہدیداروں کے لئے تیار کیا جس کے ذریعہ موثر حکمرانی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ شہری ترقیات اور تعمیر امکنہ اور انسداد شہری غربت کی وزارت کے سینئر عہدیداروں پر وینکیا نائیڈو نے زور دیا کہ وہ اپنے رویہ تبدیل کریں اور حکومت کو عوام کے دیئے ہوئے اختیارات کی تیز رفتاری سے خاص طور پر معاشی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے استعمال کریں ۔ وینکیا نائیڈو نے 130 سے زیادہ انڈر سکریٹریز ،ڈپٹی سکریٹریز ،ڈائرکٹرس ،جوائنٹ سکریٹریز اور سکریٹریز سے خطاب کرتے ہوئے اپنی پچاس منٹ کی بات چیت کے دوران تیز رفتار فیصلے کرنے کی ضرور ت پر زور دیا اور کہا کہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس سے خانگی سرمایہ کاری ،شہری ترقیات اور تعمیر امکنہ کے شعبہ میں حاصل ہوسکے ۔ وینکیا نائیڈو نے کئی مسائل بشمول حکومت کو دیئے ہوئے اختیارات ،سرکاری عہدیداروں کی بے حسی کی خصوصیت ،ڈسپلن کے فقدان اور دیگر مسائل پر بات چیت کی ۔ وزیر مملکت برائے یو ڈی اور ہوپا بابل سپریو برال اور دونوں وزارتوں کے سکریٹریوں نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔ جس کے انعقاد کا مقصد بڑھتے ہوئے شہریانے کے عمل سے درپیش چیلنجوں سے سینئر عہدیداروں کو نمٹنے کی تحریک دینا تھا ۔ وینکیا نائیڈو نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تحفظاتی ذہنیت ترک کردیں اور خطرے مول لینے کیلئے تیار ہوجائیں۔