’’ موت ہی مجھے کانگریس سے دور کرسکتی ہے‘‘


پارٹی تبدیل کرنے کی افواہ پر رکن اسمبلی ومشی چندریڈی کا ردعمل
کلواکرتی۔/24فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی کانگریس ایم ایل اے ڈاکٹر چلاومشی چندریڈی نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان افواہوںکی تردید کی کہ وہ اس ماہ کی 25تاریخ کو کانگریس چھوڑ کر ٹی آر یس میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دادا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور تاحیات کانگریس ہی میں رہیں گے کوئی بھی اورکسی بھی طرح سے ان کو نہ کوئی دور کرسکتا ہے اور نہ وہ کبھی پارٹی چھوڑیں گے ہاں صرف موت ہی انہیں پارٹی سے دور کرسکتی ہے۔ واضح ہو کہ چند دنوں سے یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ وہ کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر ٹی آر یس پارٹی میں شامل ہورہے ہیں اور بعض اخبارات نے اس خبر کو صفحہ اول میں جگہ دی ہے۔ ایم یل اے ڈاکٹر چلاومشی چند ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی میرے لئے سب سے اہم ہے کیونکہ پولنگ بوتھ صدر سے لیکر ریاستی یوتھ صدر تک اور اب ایم ایل اے بننا کانگریس پارٹی ہی کے سبب ممکن ہوا اور آج میں جو اس مقام پر ہوں یہ سب شریمتی سونیا گاندھی اور مسٹر راہول گاندھی کی توجہ اور حلقہ اسمبلی کے کانگریس کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ایسے میں کانگریس کو چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یہ سب ریاستی حکومت کی نااہلی ہے جو کہ ریاست کی ترقی کی جانب توجہ دینے کے بجائے غلط افواہیں پھیلاکر عوام کے ذہنوں کو منتشر کررہی ہے۔ جہاں یہ حکومت کچھ آستین کے سانپوں کو لالچ دے کر اپنی پارٹی میں شامل کررہی ہے وہیں پر کانگریس پارٹی کی عوامی جدوجہد کو برداشت نہ کرتے ہوئے ایسے غلط کام کررہی ہے۔ انہوں نے عوام سے ایسی باتوں پر توجہ نہ دینے اور پروپگنڈوں کو خاطر میں نہ لانے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی ساتھ یہ اپیل بھی کی کہ دوران انتخابات اور اس کے بعد اور اس طرح وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے انتقال کے بعد جو لوگ پارٹی چھوڑ کر چلے گئے ہیں وہ لوگ دوبارہ کانگریس میں آئیں میں تہہ دل سے ان کا استقبال کروں گا اور ہم سب مل کر ریاست کی ترقی کے ساتھ ساتھ اپنے اس علاقہ کی ترقی کیلئے موجودہ حکومت سے لڑ کر کام لیں۔