موبائیل ‘ہوٹل کا کھانا اور سفری اخراجات مزید مہنگے

نئی دہلی یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہوٹل کا کھانا ‘موبائیل فون کا استعمال اور فضائی و ٹرین سفر آج سے مہنگے ہوگئے جبکہ حکومت نے خدمات ٹیکس کی شرح میں 14 فیصد اضافہ کردیا ۔ سرویس ٹیکس کی شرح 12.36 فیصد بشمول تعلیمی سیس تھی جسے اب 14 فیصد کردیا گیاہے۔ اس پر آج سے عمل آوری ہوگی۔ خدمات ٹیکس تمام خدمات پر سوائے چھوٹی منفی فہرست کے عمل آوری کی جاتی ہے ۔ بعض کلیدی خدمات پر زیادہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے اور وہ آج سے مہنگی ہوگئی ہے ۔ ان میں غذائی اور ٹرین سفر ‘بینکنگ ‘انشورنس ‘اشتہارات ‘تعمیرات ‘فن تعمیر ‘کریڈٹ کارڈس‘ انتظامیہ اور ٹور آپریٹرس متاثر ہوں گے ۔ موبائیل آپریٹرس اور کریڈٹ کارڈ کمپنیاں پہلے ہی اپنے صارفین کو پیغامات روانہ کرتے ہوئے خدمات ٹیکس کی شرح میں اضافہ سے واقف کرواچکی ہے جس سے بلز متاثر ہوں گے ۔ مسافر گاڑیوں کے فرسٹ کلاس اور اے سی کلاس کے علاوہ مال برداری کی شرح میں کم از کم 0.5 فیصد اضافہ ہوگا ۔ ارون جیٹلی نے تجویز پیش کی تھی کہ سرویس ٹیکس کی شرح میں 14 فیصد اضافہ کیا جائے تا کہ اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی ) نظام بلا رکاوٹ کام کرنے میں سہولت حاصل ہوسکے ۔ حکومت اپریل 2016 سے یہ نظام لاگو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ نظام کے لاگو ہونے پر جی ایس ٹی خدمات ٹیکس ‘اکسائز اور دیگر مقامی ٹیکسس کو شامل کرلے گا ۔ اس سے بلا رکاوٹ ٹیکس عائد کرنے میں مرکز اور ریاستوں دونوں کو سہولت حاصل ہوگی ۔