موبائیل فونس کی رہزنی میں ملوث چار رکنی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) چارمینار پولیس کی کرائم ٹیم نے موبائیل فونس کی رہزنی میں ملوث چار رکنی رہزنوں کی ٹولی بشمول دو کم عمر نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سید مجاہد علی ساکن خورشید جاہ گراؤنڈ حسینی، جو ہوٹل میں ویٹر کا کام کرتا ہے، اپنے تین ساتھیوں عبدالانصار ساکن دودھ باؤلی اور دیگر دو کم عمر نوجوانوں کی مدد سے موٹر سیکل پر گھومتے ہوئے راہ چلتے افراد کو نشانہ بناتے ہوئے اُن کے موبائیل فون چھین کر فرار ہوجاتے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مجاہد علی نے تفتیش کے دوران یہ بتایا ہے کہ وہ اور اُس کی ٹولی اکثر خواتین کو نشانہ بنایا کرتی تھی اور قیمتی موبائیل فونس کی رہزنی کے بعد اُسے مارکٹ میں فروخت کردیا کرتے تھے۔ چارمینار پولیس کی کرائم ٹیم نے اِس ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے پانچ موبائیل فون، دو موٹر سیکلیں اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔