بھینسہ میں اجلاس سے وٹھل ریڈی کا خطاب
بھینسہ۔/9 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تعلقہ مدہول کے تمام مواضعات کو ترقی یافتہ بنانا میرا نصب العین ہے کیونکہ مواضعات کی ترقی سے ہی تعلقہ اور ریاست سنہرے تلنگانہ میں تبدیل ہوگا اور عوام خوشحال زندگی بسر کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے بھینسہ شہر میں واقع سنجیو ریڈی جیننگ فیکٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آج بھینسہ ڈیویژن کوبیر منڈل کے موضع پلسی کے تقریباً 50 سے زائد افراد نے سابق زرعی مارکٹ کمیٹی نمائندہ صدر نشین کوبیر راجیشور کی قیادت میں ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ جس پر سابق رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے ضلع پلسی کے افراد کو ٹی آر ایس پارٹی کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے مزید کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں تعلقہ مدہول کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے مختلف ترقیاتی کاموں کو انجام دیا گیا اور تمام طبقات کیلئے مختلف اسکیمات و سہولیات فراہم کی گئی جو ہر فرد کے سامنے واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے تعلقہ میں ٹی آر ایس کو کامیاب کرنے پر مزید ترقی یافتہ بنانے اور تعلقہ مدہول کو سنہرہ تعلقہ بنانے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے موضع پلسی کے 50 افراد نے ٹی آر ایس اور تعلقہ مدہول ٹی آر ایس نامزد ایم ایل اے امیدوار جی وٹھل ریڈی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے آئندہ اسمبلی انتخابات میں جی وٹھل ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا عزم کیا اور ٹی آر ایس میں شمولیت کا مقصد صرف اور صرف جی وٹھل ریڈی کی کامیاب نمائندگی اور تعلقہ کی ترقی کی بنیاد بتایا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین کرشنا، فاروق احمد صدیقی اور دیگر موجود تھے۔ واضح رہے کہ سابق رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہوکر تعلقہ کے مختلف منڈلوں کے افراد کثرت سے ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ گزشتہ روزکنٹالہ منڈل اور کوبیر منڈل کے 150 سے زائد افراد بالخصوص نوجوان طبقہ نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس دور حکومت میں تعلقہ مدہول میں کئے گئے ترقیاتی کاموں پر سابق رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کی کافی ستائش کی اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں جی وٹھل ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا۔