یلا ریڈی۔/7جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈ ل لنگم پیٹ کے ایکا پلی موضع کی عوام کو گذشتہ پندرہ دنوں سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ موضع کو پانی سربراہ کرنے والی دو برقی موٹرس خراب ہونے سے یہ قلت پیش آرہی ہے۔ موضع میں 150خاندان زندگی بسر کررہے ہیں اور ایک ہی ہینڈ بورویل ہونے سے عوام کو گھنٹوں پانی کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ چند خواتین زرعی باولیوں کا طویل فاصلہ طئے کرتے ہوئے پانی حاصل کررہی ہیں۔ دو دن قبل مقابل سمت تیز ہواؤں سے برقی کھمبے گرجانے سے برقی سربراہی بھی مسدود ہوچکی ہے جس سے زرعی باؤلیوں سے پانی حاصل کرنا بھی ناممکن ہوگیا ہے۔ بورویل موٹرس درست کرکے آبی سربراہی کو بحال کرنے کیلئے عہدیداروں کو توجہ دلائی گئی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ پندرہ دنوں سے عوام پانی کیلئے پریشان ہیں اور عہدیداروں کی جانب سے اسے نظر انداز کیا جارہا ہے۔ مواضعات کی عوام کو بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں ہیں جو ناانصافی کے مترادف ہے۔ یلا ریڈی مستقر پر بھی قدیم بستیوں کی عوام کو پینے کے پانی کیلئے شدید مشکلات درپیش ہیں اور ذمہ داران تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پینے کے پانی کے ذخائر مکمل اطمینان بخش ہونے کے باوجود یلا ریڈی کی عوام کو ذمہ داران پانی سربراہ کرنے میں ناکام ہورہے ہیں۔ گرام پنچایت عہدیدار تو برائے نام اپنا فرض نبھارہے ہیں۔ کس محلہ میں عوام پانی سے محروم ہیں انہیں پتہ ہی نہیں اور نہ انہیں کوئی دلچسپی ہے۔ عوامی نمائندے بھی الیکشن کے بعد نظر نہیں آنے کی عوام کو شکایت ہے۔ اس طرح عوام کا استحصال کیا جارہا ہے۔ عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے والے عوامی نمائندے ان کیلئے مستقبل میں کیا کریں گے اس طرح کے سوالات پیدا ہورہے ہیں۔ضلع عہدیدار وں کو چاہیئے کہ وہ پانی کے پانی کے حصول میں پیش آرہی دشواریوں کو دور کریں کیونکہ عوام کیلئے پینے کے پانی کی سربراہی کرنا ضروری ہے۔