مواصلاتی سٹیلائیٹ جی ایس اے ٹی-17 کو کامیابی سے داغا گیا

بنگلورو 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے عصری مواصلاتی سٹیلائیٹ جی ایس اے ٹی-17 کو آج کامیابی کے ساتھ خلاء میں داغا گیا ۔ اسے ایک بھاری راکٹ کی مدد سے داغا گیا ۔ ہندوستان پہلے ہی 17 مواصلاتی سٹیلائیٹ داغ چکا ہے اور اس میں اب ایک اور عصری سٹیلائیٹ کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس سٹیلائیٹ میں جو سسٹم ہے اسے ہندوستانی خلائی تحقیق کی تنظیم اسرو نے تیار کیا ہے اور اس کا مقصد براڈکاسٹنگ خدمات میں ہندوستان کو خود مکتفی بنانا ہے ۔ یہ سٹیلائیٹ امریکہ جنوب میں واقع ایک فرانسیسی علاقہ فرنچ گیانا سے داغا گیا ۔ اسے 2.29 بجے خلا میں داغنے کا منصوبہ تھا تاہم 2.45 بجے داغا جاسکا ۔ اسسٹیلائیٹ کا وزن 3,477 کیلو گرام کا ہے ۔ اسرو نے اس مشن کی کامیابی کے بعد ایک بیان میں کہا کہ GSAT-17 جو کامیابی کے ساتھ داغا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس سٹیلائیٹ کے ڈیزائین کے مطابق اس کی کارکردگی کا دورانیہ 15 سال کا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ فرنچ گیانا سے داغے جانے کے فوری بعد کرناٹک میں ہاسن کے مقام پر واقع اسرو کے ماسٹر کنٹرول مرکز نے اس کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور ابتدائی دیکھ بھال سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سٹیلائیٹ بھی معمول کے مطابق کام کر رہا ہے ۔ ہندوستان اب تک 17 مواصلاتی سٹیلائیٹ خلا میں بھیج چکا تھا اور اب اس میں یہ نیا اضافہ کیا گیا ہے ۔ جاریہ مہینے اسرو کی جانب سے سٹیلائیٹس کو خلا میں داغنے کا یہ تیسرا موقع رہا ہے ۔