موئے مبارکﷺ، برکتوں کا سرچشمہ

محبوب نگر2 / جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حافظ محمد رسول خان معتمد نشر و اشاعت مجلس انتظامی دارالعلوم عربیہ محبوب نگر للبنات کے بموجب مولانا حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی ( ناظم دارالافتا و القضاء محبوب نگر ) کی تالیف کردہ کتاب ’’ موئے مبارک فضائل و آداب ‘‘ کی رسم اجراء مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ، جامعہ نظامیہ کے دست مبارک سے عمل میں آئی ۔ کتاب سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ حضرات صحابہ اکرام کا امت پر بڑا احسان ہے کہ انہوں نے حضور اکرم ﷺ کے ارشادات و فرمودات ، فضائل و شمائل ، شعائر و خصائل کو بڑی جاں فشانی کے ساتھ بہ حفاظت اپنے پیرو کاروں کو یہ عظیم امانت سونپی اور انہوںنے بھی یہ امانت بڑی ہی محنت و کاوش سے اپنے بعد والوں کو پہونچایا ۔ اس طرح یہ سلسلہ چلا آرہا ہے اور صبح قیامت تک چلتا رہے گا ۔ انہیں میںسے ایک آپ ﷺ کے مقدس موئے مبارک بھی ہیں جن کی زیارت کا اہتمام میلادالنبی ﷺ ( ربیع الاول ) کے موقع پر خاص و عام کیلئے کیا جاتا ہے ۔ مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ و بانی البوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر نے حضور اکرم ﷺ کے موئے مبارک کو برکتوں کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی برکت سے بیماریاں اور مصیبتیں دور ہوتی ہیں اور دنیا و آخرت میں خیر و بھلائی کامیابی و کامرانی حاصل ہوتی ہے جس کا ثبوت قرآن و حدیث کے علاوہ صحابہ و تابعین ، ائمہ متقدین و متاخرین کے اقوال و احوال سے ملتا ہے ۔ اس موقع پر مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ ، مولانا خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ ، مولانا حافظ مفتی سید صغیر احمد نقشبندی نائب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ ، مولانا حافظ محمد رضوان قریشی امام تاریخی مکہ مسجد ( حیدرآباد ) مولانا حافظ محمد عبدالمطلب ، خضر نقشبندی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ، مولانا خطیب محمد عبدالکریم شطاری ، مولانا حافظ سید بختیار الدین انصار نائب امام جامع مسجد محبوب نگر ، مولانا شاغل امام کامل الحدیث جامعہ نظامیہ کے علاوہ تاجرین ، سیاسی و سماجی قائدین ، علماء و مشائخین ونیز عامتہ المسلمین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔