منی پور میں کانگریس کیلئے نیا بحران،12ارکان مستعفی

صدر پردیش کانگریس کی تردید، پارٹی کو مستحکم کرنے کی مساعی کا ادعا
امپھال۔30مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) منی پور میں کانگریس کے 12ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا ہے جس سے یہ افواہیں گرم ہوگئی ہیں کہ ان کے بی جے پی میں شریک ہونے کے امکانات ہیں لیکن ان میں سے ایک سینئر رکن اسمبلی نے کہا کہ ان کا ارادہ کسی اور پارٹی میں شریک ہونے کا نہیں ہے ۔ کانگریس کی لوک سبھا انتخابات میں دو نشستوں پر شکست کے بعد شمال مشرقی حصہ کی اس ریاست کے کانگریس ارکان نے استعفیٰ دینے کی ٹھانی ۔ تاہم بعض ارکان نے اس خیال کو مسترد کردیا اور بتایا کہ ان کے اس اقدام کا مقصد کانگریس کی بنیاد کو مستحکم کرنا ہے ۔ مستعفی ہونے والے 12ارکان نے اپنا استعفیٰ پی سی سی کے صدر گامتھ ناگم کو روانہ کردیاہے ۔ گامتھ ناگم کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ایس ڈبلو سی کے رکن بھی ہیں ۔ 2017ء کے اسمبلی انتخابات کے بعد منی پور میں کانگریس ارکان کی تعداد 29 تھی لیکن گذشتہ سال اس کے 8ارکان بی جے پی میں شامل ہوگئے جس سے منی پور کی 60رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے ارکان کی تعداد 21سے بڑھ کر 29ہوگئی ۔ ایسے ہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پردیش کانگریس کے صدر گامتھ ناگم نے کہا کہ اب یہ ارکان اپنی پارٹی کو ریاست میں مستحکم کرنے میں اپنی ساری قوت لگادیں گے ۔