منی پورکے راجکمار کو ایک اننگز میں 10 وکٹیں

منی پور۔12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) منی پور کے 18 سالہ ریکس راجکمار نے کوچ بہار ٹرافی میں اروناچل پردیش کے خلاف میچ کی ایک اننگز میں سبھی 10 وکٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ میڈیم فاسٹ بولر نے انڈر19 کرکٹ ٹورنمنٹ میں خطرناک بولنگ کرتے ہوئے ایک اننگز میں11 رن دے کر سبھی10 وکٹ اپنے نام کئے ۔ راجکمار کی ریکارڈ ساز بولنگ کی بدولت منی پور نے اروناچل پردیش کو یہاں اننت پور واقع رورل ڈیولپمنٹ ٹرسٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے یکطرفہ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راجکمار کی بولنگ کی وجہ سے اروناچل کی دوسری اننگز صرف 36 رنز پر سمٹ گئی۔ صبح منی پور نے میچ میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کل کے تین وکٹ پر 89 رنز سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا تھا لیکن وہ اروناچل کی بہتر بولنگ کی وجہ سے 122 رن پر سمٹ گئی۔ اروناچل نے پہلی اننگز میں138 رن بنائے تھے ۔ اروناچل کے پاس پہلی اننگز سے 16 رنز کی برتری تھی لیکن منی پور کے راجکمار نے اپنی یادگار بولنگ سے حریف ٹیم کی دوسری اننگز36 رنز پر ہی سمیٹ دی۔ منی پور نے پھر53 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بغیر وکٹ کے نقصان کے میچ جیت لیا جس میں شبھوم چوہان نے ناٹ آؤٹ 32 رن بنائے ۔ منی پور نے 7.5 اوور میں 55 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ راجکمار نے اس سیزن میں رانجی ٹرافی کے اپنے پہلے ہی میچ میں 15 وکٹ حاصل کئے ہیں ۔