منقولہ و غیر منقولہ املاک میں ایک لائسنس یافتہ رائفل بھی شامل
پیلی بھیت۔/15اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جانوروں کے حقوق کی علمبردار اور بی جے پی ایم پی منیکا گاندھی نے آج اپنے اثاثہ جات کو منکشف کرتے ہوئے اس کی مالیت 40 کروڑ روپئے بتائی جس میں ایک رائفل بھی شامل ہے۔ اتر پردیش کے آنولہ کی موجودہ ایم پی فی الحال پیلی بھیت سے عام انتخابات لڑ ررہی ہیں جبکہ قبل ازیں ان کے بیٹے ورون گاندھی لوک سبھا میں پیلی بھیت کی نمائندگی کرتے تھے۔ ان کی منقولہ املاک کا تخمینہ 12.46 کروڑ روپئے اور غیر منقولہ املاک کا تخمینہ 24,95 کروڑ روپئے لگایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو داخل کئے گئے اپنے حلف نامہ میں انہوں نے مندرجہ بالا اثاثہ جات کا انکشاف کیا۔
منیکا گاندھی جو سنجے گاندھی کی بیوہ ہیں اور سنجے گاندھی انیمل کیئر سنٹر کی صدر نشین بھی ہیں، کے حلف نامہ کے مطابق ان کے پاس کوئی کار یا کوئی دیگر گاڑی نہیں ہے،57سالہ منیکا گاندھی کے منقولہ اثاثوں میں 6کروڑ روپئے کا بینک اکاؤنٹ، 1.47 کروڑ روپئے کا سونے و چاندی کے زیورات اور ایک لائسنس یافتہ رائفل شامل ہیں جس کی قیمت 40,000 روپئے بتائی گئی ہے۔ جہاں تک ان کی کمرشیل املاک کا تعلق ہے تو اس کی مالیت 6.95 کروڑ روپئے اور رہائشی املاک کا تخمینہ 18کروڑ روپئے لگایا گیا ہے۔ جبکہ ان کے پاس نقد رقم صرف 39,365 روپئے ہیں، پیلی بھیت میں رائے دہی 17اپریل کو منعقد شدنی ہے۔