نئی دہلی ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) جانوروں کے حقوق کیلئے اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے مشہور منیکا گاندھی نے آج وزیر برائے خواتین و بہبودی اطفال کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا جس کے فوری بعد انہوں نے اپنے سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹریز سے ملاقاتیں کیں جہاں انہوں نے (سکریٹریز) نئی وزیر کو وزارت سے متعلق تمام تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ دریں اثناء منیکا گاندھی سے ملاقات کے دوران ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہم جو کچھ بھی کہہ رہے تھے ، منیکا گاندھی ہماری بات انتہائی یکسوئی سے سماعت کر رہی تھیں۔ منیکا گاندھی کو شاستری بھون کے تیسری منزل پر دفتر الاٹ کیا گیا ہے جس میں اس سے قبل سابق وزیر کوئلہ کا دفتر ہوا کرتا تھا ۔ بی جے پی کی قیادت والی نئی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد وزارت خواتین و بہبودی اطفال کے درجہ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے کابینی درجہ دیا گیا ہے ۔
وزیراعظم نریندر مودی کا
ساورکر کو خراج عقیدت
نئی دہلی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج مجاہد آزادی اور دائیں بازو کے قائد ونائک دامودر ساورکر کو اُن کی یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ وہ پارلیمنٹ گئے اور ساورکر کی تصویر پر پھول مالا چڑھائی۔ مودی نے کہاکہ ساورکر ادیب، شاعر اور سماجی مصلح بھی تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ویر ساورکر کی یوم پیدائش تقریب پر وہ اُنھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور قوم کو اُن کی انتھک جدوجہد کی یاد دلانا چاہتے ہیں۔